بنگلورو،14؍فروری(ایس او نیوز) اپنے اپنے پارٹی اعلیٰ کمان کو قائدین کی طرف سے رقم کی ادائیگی کے متعلق الزامات اور جوابی الزامات کا معاملہ آج اسمبلی میں اٹھا اور اسی الزام تراشی کے درمیان بی جے پی کے قائدین نے حکومت کے رویہ پر اعتراض کرتے ہوئے واک آؤٹ کردیا۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے انہیں بدنام کرنے بی جے پی قائدین یڈیورپا اور اننت کمار کی سازش کا اس سی ڈی کے حوالے سے تذکرہ کیا اور کہاکہ بی جے پی کے قائدین کو اس طرح کی حرکتیں زیب نہیں دیتیں۔وزیر اعلیٰ کے اس جملے پر اعتراض کرتے ہوئے بی جے پی اراکین نے واک آؤٹ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست بھر میں کانگریس قائدین کو نشانہ بناکر انکم ٹیکس چھاپے مارے جارہے ہیں، دراصل ریاست میں کانگریس کو بدنام کرنے کی ایک سیاسی سازش رچائی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ کے اس بیان پر چراغ پا جگدیش شٹر نے کہاکہ ایوان کے باہر کا معاملہ سدرامیا اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں اگر ایک الگ بحث کرانا چاہتے ہیں تو بی جے پی تیار ہے، اس پر وزیر اعلیٰ نے جواب دیا کہ بی جے پی کو یہ اخلاقی حق نہیں پہنچتا کہ ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کرے ، محکمۂ انکم ٹیکس کو مرکزی بی جے پی حکومت کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کررہی ہے۔ ایسی جو بھی سازشیں کرنا چاہتے ہیں کریں اس کے باوجود بھی اگلے انتخابات میں اقتدار پر کانگریس ہی آئے گی، انہوں نے کہاکہ ریاستی کانگریس وزراء نے اپنے اخباری کانفرنس میں بی جے پی کی سازش کو بے نقاب کیا ہے۔ اس مرحلے میں وزیر اعلیٰ نے وزراء کی طرف سے جاری کی گئی سی ڈی ایوان میں دکھائی۔ وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے بھی یہ سی ڈی ایوان کے سامنے رکھی، اس مرحلے میں بی جے پی اور کانگریس اراکین میں زبردست لفظی جھڑپ ہوئی۔جگدیش شٹر نے کہاکہ حکومت اگر اس مسئلے پر بحث ہی کرانا چاہتی ہے تو وقت طے کرے ، حکومت کو بے نقاب کیا جائے گا۔ سدرامیا نے اس مرحلے میں بی جے پی کو چیلنج کیا کہ ان کی طرف سے اعلیٰ کمان کو رقم ادا کرنے کا الزام اگر ثابت کیاگیا تو وہ سیاست سے سنیاس لینے کیلئے تیار ہیں۔اس مرحلے میں تمام کانگریس اراکین نے کھڑے ہوکر بی جے پی کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی۔ جس پر ایوان میں شور شرابہ مچ گیا ، وزیر اعلیٰ کے رویہ پر اعتراض کرتے ہوئے شٹر نے کہاکہ غیر ضروری معاملات اٹھاکر سدرامیا اہم امور پر بحث کو الگ سمت دینا چاہتے ہیں۔ اسی لئے بی جے پی کو ان کارروائیوں کا حصہ بنے رہنا پسند نہیں اسی لئے وہ ایوان سے واک آؤٹ کررہی ہے۔ جنتادل (ایس) کے وائی ایس وی دتہ نے اس مرحلے میں کہاکہ سی ڈی میں کیا ہے اس کا انہیں پتہ نہیں اسی لئے انہیں بھی ایک نقل دی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے سی ڈی فراہم کرنے کا وعدہ کیا، جس کے بعد ایوان میں گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر منظور کرلی گئی۔اس کے ساتھ ہی اسمبلی کی کارروائیوں کو آج غیر معینہ مدت ملتوی کردیا گیا۔